سب ضلع ترال میں بجلی کی آنکھ مچولی کے لیے صارفین کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بجلی محکمے کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایگریمنٹ شدہ لوڈ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی فیس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی ڈویژن ترال محمد مقبول آہنگر نے بتایا 'ترال سب ضلع میں فی الوقت تیس سے، پینتیس میگا واٹ بجلی خرچ ہو رہی ہے لیکن محض بارہ میگاواٹ کے لیے محکمے کے پاس ایگریمنٹ کیا گیا ہے۔ جس سے آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ فیس میں اضافہ کتنا ضروری ہے'۔
صارفین ایگریمینٹ شدہ لوڈ کے مطابق بجلی کا استعمال کریں انھوں نے مزید بتایا 'محکمہ جلد ہی لوگوں کے گھر جاکر صارفین کا لوڈ چیک کرے گا تاکہ اسی حساب سے فیس وصول کی جائے'۔
محمد مقبول آہنگر نے بتایا 'اگر ترال میں صارفین ایگریمنٹ کے حساب سے بجلی کا استعمال کرتے ہیں تو محکمہ انھیں چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرے گا'۔
رمضان المبارک میں بجلی کی آنکھ مچولی کے بارے میں بات کرتے ہوئے موصوف نے بتایا 'کئ روز، سے بارشیں ہو رہی ہیں جسکی وجہ سے بجلی کا لوڈ بڑھ گیا ہے اور ہمیں مجبوراً بجلی میں کٹوتی کرنی پڑتی ہے۔ تاہم انہوں نے صارفین کو بھروسہ دیا کہ آئندہ دنوں میں بجلی کی صورتحال میں بہتری لائی جائے گی'۔