پلوامہ میں اساتذہ کے لئے تربیتی پروگرام منعقد پلوامہ (جموں و کشمیر) :محکمہ تعلیم میں کام کر رہے اساتذہ کے لیے محکمہ کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ایک تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا انعقاد گورنمنٹ بائز ڈگری کالج پلوامہ میں منعقد کیا گیا تھا جس میں گورنمنٹ اسکولوں، ہائر اسکنڈریز اور کالجز میں درس و تدریس کی خدمات انجام دے رہے اساتذہ کرام نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مدعو کیے گئے مقررین نے اساتذہ سے بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ مقررین نے بچوں کو سماجی برائیوں سے دور رکھنے کے لیے بچوں کی تربیت اور کاؤنسلنگ کی اہمیت کے حوالہ سے اساتذہ کے رول کو بھی اجاگر کیا۔ مقررین نے اساتذہ بچوں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنے کی بھی تلقین کی تاکہ طلبہ پڑھائی لکھائی میں زیادہ سے زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ اساتذہ کی نصیحتوں پر بھی غور کرکے برائیوں سے دور رہیں گے۔
بیداری پروگرام میں ضلع پلوامہ کے سبھی سرکاری اسکولوں کے ٹیچرز کو مدعو کیا گیا تھا، پروگرام میں چیف ایجوکیشن آفیسر پلوامہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او پلوامہ نے خطاب کرتے ہوئے اساتذہ سے کہا کہ جس طرح وہ اپنی اولاد کو بہتر سے بہتر تربیت دینا پسند کرتے ہیں اسی حسن سلوک کے ساتھ وہ اسکول میں آنے والے بچوں کی بہتر سے بہتر تربیت کریں جو آنے والے وقت میں قوم کی بہتر نمائندگی کر سکیں۔
مقررین نے کہا کہ معاشرے میں پھیلی ہوئی متعدد برائیوں سے نوجوان خاص کر بچے متاثر پائے جا رہے ہیں اور اساتذہ ان بچوں کی بہتر کاؤنسلنگ کے ذریعے طلبہ کو سماجی برائیوں سے باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اساتذہ کے لیے یہ تربیتی پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن، کشمیر، کی ہدایت پر ڈویژنل ثقافتی کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں:Hajj Training Program Held in Pulwama: پلوامہ میں عازمین حج کے لیے تربیتی پروگرام کا اہتمام