پلوامہ:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ پانپور میں محکمہ سیاحت کی جانب سے ایک روزہ زعفران میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ زعفران میلہ میں ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چوہدری، ناظم سیاحت فضل الحسیب، ناظم زراعت محمد اقبال چودھری، متعلقہ محکمہ جات کے دیگر افسران اور کسانوں کی خاصی تعداد نے بھی شرکت کی۔ Saffron Festival in Saffron Town Pampore
پروگرام کا افتتاح ڈویژنل کمشنر نے زعفران کے پھولوں کی چنائی کر کیا جس میں افسران اور اہلکاروں کے علاوہ اسکولی بچوں نے بھی شرکت کی۔ پروگرام کے دوران اسکولی بچوں میں پینٹنگ کا مقابلہ بھی کرایا گیا تاکہ بچے زعفرانی پھولوں کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ ہو سکیں۔ پروگرام میں شرکاء کے لیے ایک میوزیکل کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے۔ Tourism Department Organised Saffron Festival
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کہا کہ ’’انتظامیہ زعفران کی صنعت کو فروغ دینے اور زعفران کی کاشت وابستہ کسانوں کی آمدن میں اضافے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ زعفران کی صنعت کو فروغ دینے اور اس صنعت کو آگے لے جانے کے لیے ایسے پروگرام منعقد کرتی رہے گی تاکہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس صنعت کو زیادہ سے زیادہ فروغ حاصل ہو سکے۔