جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں امسال بورڈ امتحانات میں کئی سرکاری سکولوں کے بچوں نے اچھا مظاہرہ کیا۔ اسی ضمن میں ترال سے تعلق رکھنے والے ساحل اشرف نے بھی اچھی کارکردگی کی۔ ان کا خواب ہے کہ وہ آئی اے ایس کا امتحان پاس کریں اور سماج میں پھیلی برائیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔
وادی میں سرکاری اسکولوں کی حالت کسی سے چھپی نہیں ہے۔ ایسے میں ساحل نے بنا ٹیوشن پڑھے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ساحل کے والد مزدور ہیں۔ وہ ساحل کو ٹیوشن بھی نہیں پڑھا سکے۔ لیکن ساحل نے اپنی محنت اور لگن سے یہ ثابت کیا کہ اگر ہمت اور جزبہ ہو تو کم وسائل میں بھی اچھی پڑھائی کی جا سکتی ہے۔
گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نورپورہ ترال کے طالب علم ساحل اشرف ساکن املر ترال نے بارہویں جماعت کے امتحانات میں امتیازی پوزیشن حاصل کی اور پانچ سو میں چار سو اڑسٹھ نمبرات حاصل کر کے اپنے والدین کا نام روشن کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ساحل نے بتایا کہ انھوں نے ابتدائی تعلیم مقامی سطح پر ہی حاصل کی اور بعد ازاں میٹرک کے بعد ہائیر سکینڈری سکول نورپورہ میں داخلہ لیا اور امسال امتیازی پوزیشن حاصل کی۔