پلوامہ (جموں و کشمیر) :جموں و کشمیر پولیس نے اسمگل کی جا رہی عمارتی لکڑی کو ضبط کرکے ٹمبر اسمگلر کو بھی حراست میں لے لیا جبکہ اسمگلنگ کے لیے استعمال میں لائی جا رہی گاڑی کو بھی سیز کر لیا گیا۔ ترال ترال پولیس نے بتایا کہ گزشتہ شب ناکہ چیکنگ کے دوران ایک لوڈ کرئیر سے عمارتی لکڑی ضبط کر کے ڈائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر ترال پولیس نے ایس ایچ او ترال عبد الرحمن کی سربراہی میں ہردومیر کراسنگ پر ناکہ قائم کیا اور اس دوران ناکہ پارٹی نے ایک لوڈ کیرئیر زیر رجسٹریشن نمبرJK03 E 5036.کو روک کر اس کی تلاشی لی۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق لوڈ کیرئیر کی تلاشی کے دوران قریباً بیس مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کی گئی جس کی مالیت ہزاروں روپے بتائی جا رہی ہے۔ ترال پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور جس کی شناخت کوثر احمد بٹ ولد غلام احمد بٹ ساکنہ ڈادسرہ کے طور پر ہوئی ہے کو بھی موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا، جبکہ سمگل کی جا رہی لکڑی کے ساتھ ساتھ لوڈ کیریئر کو بھی سیز کیا گیا۔