پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے قصبہ پانپور میں قائم انٹرنیشنل زعفران ٹریڈ سنٹر پر محکمہ زراعت کی جانب سے ’’جشنِ زعفران میلہ‘‘ کا اہتمام کیا گیا تاہم اس دوران زعفران کی کاشت سے وابستہ کسانوں نے احتجاج کرتے ہوئے محکمہ ایگریکلچر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ مجموعی طور پر رواں برس زعفران کی بہتر پیداوار ہوئی ہے جس سے کسانوں کو اچھی آمدن کی توقع ہے جبکہ محکمہ زراعت کی جانب سے بھی اطمینان کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جشنِ زعفران کی تقریب کے حاشیہ پر باظم زراعت، کشمیر، نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا: ’’رواں برس گرچہ بالائی علاقوں پر ہوئی برفباری کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی جس کے سبب زعفران کے پھول وقت پر نہ کھل سکے، تاہم دیر سے ہی سہی مگر زعفران کی بہتر پیداوار کی امید ہے جوکہ ایک خوش آئند بات ہے۔‘‘