پلوامہ (جموں و کشمیر) :جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے پبلک آؤٹ ریچ پروگرام اور عوام کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کی غرض سے پلوامہ پولیس نے بالترتیب پولیس اسٹیشن کاکا پورہ، لیتر اور راجپورہ پولیس اسٹیشن میں تھانہ دیوس کا انعقاد عمل میں لایا۔ پروگرام میں پولیس افسران اور عوامی وفود کے مابین میٹنگس منعقد ہوئیں جن کی صدارت متعلقہ نگران پولیس افسران نے کی جبکہ تھانہ دیوس میں سرپنچوں، پنچوں، معزز شہریوں، ٹریڈرز فیڈریشن سے وابستہ افراد سمیت متعلقہ علاقوں کے ٹرانسپورٹرز نے بھی شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران شرکاء نے عوامی اہمیت کے مختلف مسائل پر روشنی ڈالی اور انہیں یقین دلایا کہ پولیس سے متعلق ان کی حقیقی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور سول انتظامیہ کی جانب سے ان کے جلد ازالے کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ گفتگو کی جائے گی۔ پروگرام کے دوران اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ تھانہ دیوس پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے اور عام لوگوں کی شکایات سننے اور ان کے ازالے کے لیے ایک بہترین اقدام ہے اور مزید یہ کہ کمیونٹی پولیسنگ کو عوامی اعتماد میں اضافے کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے جس سے عوام کے اعتماد کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔