پلوامہ (جموں و کشمیر) :جرائم کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں دس قمار بازوں کو گرفتار کرکے داؤ پر لگی 3,96,200 روپے کی رقم کو بھی ضبط کر لیا۔ پلوامہ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اسٹیشن پلوامہ کو با وثوق ذرائع سے چیوا، کھرود علاقے میں قمار بازی سے متعلق ایک اطلاع موصول ہوئی جس پر کارروائی کرتے ہوئے انہوں نے قمار بازوں کو رنگے ہاتھوں دھر لیا۔
پولیس اسٹیشن پلوامہ کا کہنا ہے کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس پارٹی نے چیوا، کھرود علاقے میں چھاپہ مار کر 10 قمار بازوں کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔ پولیس نے حراست میں لئے گئے افراد کی شناخت محمد اشرف بھٹ ساکنہ پرچھو پلوامہ، گلزار احمد بھٹ ساکنہ باغ ماہتاب، سرینگر، امتیاز احمد بھٹ ساکنہ چھانہ پورہ، مشتاق احمد وانی ساکنہ مونگھامہ، پلوامہ، فیروز احمد ملک ساکنہ چاڈورہ، بڈگام، عاشق احمد صوفی ساکنہ رعناواری سرینگر، معراج احمد ملہ ساکنہ سنبل، انوار الحق ساکنہ ٹینگ پورہ، سرینگر، طارق احمد شیخ ساکنہ آلوچہ باغ سرینگر اور یونس احمد ساکنہ صورہ، سرینگر کے طور پر ظاہر کیا ہے۔