پلوامہ:میونسپل کمیٹی ترال میں کام کر رہے عارضی ملازمین نے خاموش احتجاج درج کرکے اپنے مطالبات انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے عارضی ملازمین (خاکروبوں) نے بتایا وہ گزشتہ چودہ برسوں سے محکمہ میں یومیہ اجرت پر کام انجام دے رہے ہیں۔ تاہم مستقلی کے لیے مقررہ میعاد مکمل ہونے کے باوجود انہیں مستقل نہیں کیا جا رہا ہے۔
احتجاج کر رہے عارضی ملازمین نے کہا کہ مستقل ملازمت فراہم نہ کیے جانے کے باعث ان کے معمولات زندگی متاثر ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں وہ قلیل تنخواہ پر کام کر رہے ہیں۔ احتجاج کر رہے صفائی کرمچاریوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کئی مرتبہ اعلیٰ حکام کو اس حوالے سے عرضداشت پیش کیے تاہم اب تک شنوائی نہیں ہوئی۔
اپنی فریاد سناتے ہوئے عارضی صفائی کرمچاریوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ صفائی کے ساتھ ساتھ ہر وقت محکمہ بلدیہ کے دیگر کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بھی انہوں نے قابل قدر کام انجام دیا جس کے لیے ان کی ستائش بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود ان کے جائز مطالبات اور دیرینہ مانگوں کو پورا نہیں کیا گیا۔