پلوامہ:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کا سہ پورہ دربگام علاقے کے لوگوں میں آوارہ کتوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے بعد خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ علاقے کے لوگوں نے الزام لگایاکہ رات کے اوقات علاقے میں آوارہ کتوں کی کثرت سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لوگوں کے مطابق سہ پورہ دربگام علاقے میں گھنے باغات موجود ہیں جہاں ان آوارہ کتوں کو چھوڑا گیا ہے جس سے علاقے کے لوگوں کی نقل و حمل محدود ہوگئی ہے، جبکہ آوارہ کتے مال مویشی اور انسانوں پر حملہ کر رہے ہیں۔
لوگوں کے مطابق علاقہ مال مویشی کی صنعت سے وابستہ ہے جس کے لئے انہیں مال مویشی باغات میں لےجانے پڑتے ہیں تاہم علاقے میں موجود آوارہ کتوں کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس ضمن میں مقامی باشندے بشیر احمد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ رات کے دوران یہاں پر آوارہ کتوں کو چھوڑا جاتا ہے۔ انہوں نے کہ کچھ روز قبل وہ بھیڑوں کو باغ میں چرواہا رہا تھا کہ اچانک آوارہ کتوں نے ان پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آس پاس موجود لوگوں نے اس وقت ان کی مدد کی تاہم اس دوران ان کا ایک بھیڑ ہلاک جبکہ ایک اور بھیڑ اس حملے میں زخمی ہوگیا۔