پلوامہ (جموں و کشمیر) :چندریان3 کی کامیابی پر جموں و کشمیر میں بھی اس تاریخی لمحہ پر خوشیاں منائی گئیں، وہیں ’زعفران ٹاؤن‘ کے نام سے مشہور جنوبی کشمیر کے پانپور علاقہ میں اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس محکمہ کی جانب سے کیا گیا جس میں یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس افسران کے علاوہ محکمہ ایجوکیشن سے وابستہ عملہ اور مقامی طالب علموں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
اسپورٹس فیسٹیول کے دوران طلبہ و طالب کے لئے مختلف کھیل کود کے مقابلے منعقد کیے گئے۔ یہ کھیل مقابلے طلبہ و طالبات کے لئے علیحدہ منعقد کیے گئے۔ جن میں درجنوں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اسپورٹس فیسٹیول میں شرکت کرنے والے طلبہ و طالبات کو بھارتی خلائی مشن چندریان3 کی کامیابی کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ کس طرح سے ’’بھارت کے سائنس دانوں نے محنت اور لگن سے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا۔‘‘