پلوامہ (جموں و کشمیر):حکومت کی جانب سے طبی شعبہ کو بہتر بنانے کی ایک اور پہل کے تحت ضلع ہسپتال پلوامہ میں بھی آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے تحت او پی ڈی مریضوں کے لیے QR کوڈ کے ذریعے ’اسمارٹ‘ او پی ڈی رجسٹریشن ڈسٹرکٹ ہسپتال پلوامہ میں شروع ہو چکی ہے۔ اس نئی خدمت سے مریضوں کو کافی فائدہ حاصل ہوگا۔ اس پہل کے تحت مریض اپنے موبائل فون پر ابہا نامی ایپلیکیشن کو انسٹال کرکے اس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
اس نئی پہل سے مریضوں کو گھنٹوں تک اپنی رجسٹریشن ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے لمبی قطاروں میں بیٹھنے کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔ جبکہ اس ایپ کی مدد سے مریضوں کی سبھی صحت کے مسائل ڈاکٹر صاحبان کو پہلے ہی معلوم ہونگے اور اس میں مریض کی ساری تفصیلات موجود رہیں گیں، جس سے ڈاکٹروں کو بھی علاج و معالجہ میں، مریض کے بارے میں معلومات حاصل کرنے اور ادویات و پرہیز تجویز کرنے میں کافی مدد ملے گی۔ یہ نظام مریض کی تاریخ کا ڈیٹا بیس تیار کرے گا جو علاج کرنے والے ڈاکٹر کے لیے تشخیص اور علاج کے لیے کام آئے گا۔ ضلع اسپتال پلوامہ میں محکمہ صحت کے ملازمین بھی مریضوں کو اس اپلیکیشن کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے نظر آئے تاکہ مریضوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلع شوپیاں کے کیلر علاقے سے تعلق رکھنے والے عادل احمد نامی ایک نوجوان نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: ’’ہمیں ٹکٹ حاصل کرنے کے لئے قطاروں میں گھنٹوں تک انتظار کرنا پڑتا تھا تاہم اب اس ایپلیکیشن کی مدد سے ہم گھر بیٹھے ہی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں اور کاؤنٹر پر اپنا ٹوکن نمبر بتاکر اپنی ٹکٹ چند سیکنڈس میں حاصل کر سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس سے مریضوں، تیمارداروں کو کافی راحت ہوگی۔