پلوامہ (جموں و کشمیر):جموں کشمیر کے معروف ٹریڈ یونین لیڈر، کشمیری پنڈت سمپت پرکاش کی موت پر یونین ٹریٹری کی سیاسی اور سماجی تنظیموں کے علاوہ تاجر انجمنوں نے بھی شدید غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سمپت پرکاش کے انتقال سے کشمیر میں انسانی حقوق کے ایک علمبردار کی آواز خاموش ہوگئی ہے۔‘‘ 85 برس کے سمپت پرکاش سرینگر کے ہاروَن علاقے میں رہائش پذیر تھے اور ہفتہ کی شام روز ان کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہو گئی۔
ضلع پلوامہ کے ترال علاقے سے تعلق رکھنے والے سابق ٹریڈ یونین لیڈر پوشوندر سنگھ نے معروف ٹریڈ یونین لیڈر سمپت پرکاش کے انتقال پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا ’’سپمت پرکاش نہ صرف ایک ٹریڈ یونین لیڈر تھے بلکہ سچ اور حقیقت کے علمبرداد تھے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’سمپت جی نے نہ صرف ملازمین کے حقوق کی لڑائی لڑی ہے بلکہ انہوں نے کشمیر میں ہندو مسلم بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے بہت کام کیا ہے اور اس حوالے سے انکی کاوشوں کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔