پلوامہ (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال کے گردوارہ ٹی بی صاحب سیموہ میں ’’سالانہ گرمت سماگم‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ گرمت سماگم کا اہتمام یوتھ سیوا دل سیموہ نے کیا تھا۔ سماگم میں وادی بھر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے سکھ عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعے پر گروارے میں گذشتہ رات سے ہی خصوصی بھجن کیرتن شروع ہوا جو اتوار کے روز بھی دن بھر جا ری رہا۔
گرمت سماگم میں دربار صاحب امرتسر سے آئے ہوئے حضوری راگیوں نے شبد کیرتن کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ’’یہ پروگرام دہائیوں سے یہاں چلتا آ رہا ہے جس میں جموں وکشمیر اور باہر کے مذہبی سکالرز شرکت کرتے ہیں۔‘‘ اسکالرز نے بتایا کہ ’’آج کا یہ پروگرام خاص طور پر ایک مذہبی پروگرام تھا جس میں پورے دنیا کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر کی خوشحالی کے ساتھ ساتھ امن و آشتی اور ترقی کے لئے دعا کی گئی۔‘‘ مذہبی سکالرز نے سکھ مت کے فلسفے اور گورنانک دیو جی اور ان کی تعلیمات پر مفصل روشنی ڈالی۔