ترال:بیساکھی کے سلسلے میں آج دوسرے روز بھی وادی کے اطراف واکناف میں تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔ اس حوالے سے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں واقع سیموہ کے گردوارے ٹی بی صاحب میں بھی ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔اس تقریب میں سیموہ اور ترال کے مختلف دیہات سے آئے ہوئے عقیدت مندوں کی ایک بڑی تعداد نے شمولیت کی۔
اس موقع پر شبد کیرتن اور پوجا پاٹ کی خصوصی مجالس کا اہتمام کیا گیا جس میں عالمی امن اور آپسی بھائی چارے کو فروغ کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئی عقیدت مندوں کی سہولیات کے لیے انتظامیہ نے تمام ضروری انتظامات کیے تھے۔ سکھ سنگھت کو مبارک باد دینے کے لیے مقامی مسلمان بھی موجود رہے اور آپسی بھائی چارے کی قندیل کو زندی رکھا۔ اس موقع پر سیاسی لیڈران جن میں بھاجپا ترجمان الطاف ٹھاکر، کانگریس کے جنرل سیکرٹری سریندر سنگھ چنئی،ڈی ڈی سی ممبران اوتار سنگھ اور ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے بھی گرد وارے میں حاضری دیکر سکھ سنگت کو مبارک باد پیش کی۔