پلوامہ (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اچھن علاقے میں گزشتہ ماہ نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ہلاک کئے جانے والے کشمیری پنڈت کی ہلاکت کے سلسلہ میں بدھ کو ریاستی تحقیقات ایجنسی (ایس آئی اے) نے ضلع کے اچھن علاقے سے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس ضمن میں ایس آئی اے کی ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور ہلاکت میں ملوث افراد کے فرار ہونے اور اس ہلاکت کے دیگر پہلوؤں کے بارے میں جانکاری حاصل کی جا رہی۔ جبکہ یہاں کے مقامی لوگوں سے بھی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 26 فروری کو اچھن علاقے میں سنجے کمار شرما ولد کاشی ناتھ نامی کشمیری پنڈت کو نامعلوم مسلح افراد نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ نا معلوم مسلح افراد نے کشمیری پنڈت پر نزدیک سے گولیاں چلائی جس کے نتیجے میں اس کی ہلاکت ہو گئی۔ اگرچہ زخمی حالت میں کشمیری پنڈت کو علاج کے لئے ضلع ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا تھا۔ سنجے کمار ایک مقامی بینک جموں و کشمیر کی اچھن برانچ کے آے ٹی ایم میں بطور سیکورتی گارڈ کام کر رہا تھا اور حالات خراب ہونے کے بعد پولیس اور بینک کی جانب سے انہیں کام پر آنے کے لئے منع کیا گیا تھا جبکہ انہیں ماہانہ تنخواہ دی جا رہی تھی۔ سنجے کمار کو اُس وقت ہلاک کیا گیا جب وہ آف ڈیوٹی تھے اور کسی کام سے گھر سے باہر نکلے تھے۔