پلوامہ (جموں کشمیر):ریاستی تحقیقاتی ایجنسی (ایس آئی اے) نے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں عسکریت پسند تنظیم جیش محمد کے معاون کی سات کنال اور سات مرلہ باغاتی زمین، غیر قانونی سرگرمیاں روکتھام (ایکٹ) کے تحت قرق کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایس آئی اے نے اریگام، پلوامہ میں خسرہ نمبر 207 میں درج سات کنال، سات مرلہ اراضی جو اشفاق احمد وانی کے والد غلام نبی وانی ساکنہ اریگام، پلوامہ کی ہے، کو ریاستی تحقیقاتی ایجنسی نے ضبط کر لی ہے۔ اشفاق احمد پر عسکری تنظیم جیش محمد سے وابستہ عسکریت پسندوں کی معاونت کرنے کا الزام ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ جائیداد کو UA(P)A کی سیکشن 25 کے تحت 13.11.2023 کو درج کیس کے ضمن میں مجاز اتھارٹی کی جانب سے جاری حکمنامہ پر قرق کیا گیا۔ قبل ازیں قومی تحقیقات ایجنسی، این آئی اے، نے ضلع کے کاکاپورہ علاقے میں بھی اس طرح کی کارروائی انجام دی، جس کے تحت علاقے کے مختلف 8 علاقوں میں عسکری سرگرمیوں میں ملوث ہونے والے افراد کی جائیداد اٹیچ کی گئی۔ جبکہ گزشتہ ہفتے ضلع کے ہی اونتی پورہ علاقے میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کے دو منزلہ مکان کو بھی قرق کیا گیا۔