پلوامہ:جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں محکمہ کھیل کود کے زونل فزیکل ایجوکیشن آفس، پلوامہ کی جانب سے ’’فٹ انڈیا، سوستھ انڈیا‘‘ مہم کے تحت ریس (دوڑ) کا انعقاد عمل میں لایا۔ ریس کا افتتاح محکمہ کھیل کود کے ضلع آفسر جگدیش رائے شرما نے محکمہ کے دیگر افسران کی موجودگی میں کیا۔ فٹ انڈیا سوستھ انڈیا رن، الحبیب ماڈرن ہائی سکول سے شروع ہوکر ضلع کے مونگھم علاقے تک جاری رہی اور وہاں سے واپسی پر الحبیب اسکول پر ہی اختتام ہوئی۔ اس رن میں اسکولی بچوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی جبکہ محکمہ کھیل کود کے افسران کے ساتھ ساتھ دیگر ملازمین نے بھی ریس میں شرکت کی۔
اس سلسلے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے محکمہ کھیل کود کے ڈسٹرکٹ آفیسر، جگدیش رائے شرما نے کہا کہ ’’رن (دوڑ) کا مقصد طلبہ کو ذہنی اور جسمانی طور تندرست رکھنا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’آج اس رن کا ضلع میں آغاز ہوا جبکہ یہ مہم ضلع کے سبھی زونز میں انجام دی جائے گی۔‘‘ انہوں نے نوجوانوں کے ساتھ ساتھ سبھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فٹ انڈیا سوستھ انڈیا مہم میں شرکت کریں تاکہ اس مہم کو کامیاب بنا کر اس کے اصل پیغام کو عوام خاص کر طلبہ تک پہنچایا جا سکے۔