پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ہفتہ بھر جاری رہنے والے ’’سنکلپ سپتاہ‘‘ کا افتتاح ڈی سی پلوامہ بشارت قیوم نے ضلع کے اچھگوزہ بلاک میں کیا۔ مقامی باشندوں، متعلقہ محکمہ جات کے افسران، پی آر آئی ممبران کے علاوہ مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ یاد رہے کہ سنکلپ سپتاہ مہم کے تحت اچھگوز سمیت آری پل کے باشندوں کی صحت اور طبی سہولیات کے حوالہ سے کئی پروگرامز عمل میں لائیں جائیں گے جن میں اے این سی کلینک، ٹی بی اسکریننگ، این سی ڈی اسکریننگ، اے بی ایچ اے رجسٹریشن، انیمیا ٹیسٹنگ، امیونائزیشن ڈرائیو، نکشے مترا کی سہولت، مفت میڈیکل چیک اپ کے علاوہ مفت ادویات کی تقسیم شامل ہیں۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اچھگوزہ، ضلع کے باقی بلاکس کی طرح بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ہے، اور یہ شہریوں، کمیونٹی رہنماؤں اور سرکاری اہلکاروں کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صلاحیت کو نکھارنے اور یہاں کے باشندوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں۔ حکومت نے ان کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے۔ سنکلپ سپتہ جیسے اقدامات کا مقصد خلا کو پر کرکے ضروری خدمات کو لوگوں تک پہنچانا ہے۔