پلوامہ (جموں و کشمیر):جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں سیموہ بالا علاقے کی آبادی پُل کی عدم دستیابی کی وجہ سے گونا گوں پریشانیوں میں مبتلا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بار بار شکایات کے باوجود حکام اس اہم مسئلے پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ نالہ واتل آڑہ پر ہردومیر سے سیموہ بالا کو جانے والی سڑک پر رابطہ پل نہ ہونے سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں اور اب لوگوں نے از خود لکڑی کا ایک عارضی پل تعمیر کر کے سرکاری انتظامیہ پر سوالات کھڑے کیے ہیں۔
مقامی باشندوں کے مطابق پچیس سال قبل اس مقام پر ایک پل کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا جس سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی تاہم پل کے دو کنارے تعمیر ہونے کے بعد کام اس طرح رکا کہ اب تک دوبارہ شروع نہیں ہوا، اور آبادی بدستور پل سے محروم ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کیا کہ انہوں نے اس اہم پل کی تعمیر کے لیے متعلقہ حکام اور ڈی ڈی سی ممبران کو آگاہ تو کیا لیکن اس سب کے باوجود عوام کے اس دیرینہ مطالبے پر غور نہیں کیا جا رہا ہے اور آبادی بالخصوص طلاب کو یومیہ بنیاد پر مشکلات درپیش ہیں۔