پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں دیہی ترقی محکمہ کی جانب سے کئی ایسے اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن سے عوام کو بڑی حد تک راحت مل رہی ہے۔ اس سلسلے میں سب ضلع کے آری پل علاقے میں قریباً پانچ لاکھ روپے مالیت سے بننے والی درگڈ ستورہ سڑک قابل ذکر ہے۔ اس سڑک کی تعمیر سے مقامی لوگوں کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہوا ہے۔ مقامی ڈی ڈی سی ممبر منظور گنائی نے اس سڑک کا افتتاح کیا تو مقامی لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
درگڈ کی آبادی نے اس موقع پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ان کے لیے عید سے کم نہیں ہے کیونکہ سڑک کی تعمیر سے اب ان کو عبور ومرور میں آسانی ہوگی، جب کہ اس سے قبل مقامی باشندوں کو مریضوں کو کندھوں پر اٹھانا پڑتا تھا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کے ساتھ ساتھ محکمہ دیہی ترقی، مقامی ڈی ڈی سی ممبر کا بھی شکریہ ادا کیا۔ تاہم انہوں نے انتظامیہ سرک کے علاوہ دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی خاص طور پر بجلی نظام کو درست کرنے کی بھی مانگ کی۔