ترال ( پلوامہ): سپریم کورٹ کی جانب سے دفعہ 370 پر سماعت کے دوران جموں وکشمیر کو ریاست کی بحالی میں مزید وقت درکار ہونے پر سیاست تیز ہونے لگی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے جموں و کشمیر ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے لیے اسٹیٹ ہڈ موضوع بحث نہیں ہے، کیونکہ پہلے ہی ملک کے وزیر داخلہ امت شاہ نے پارلیمنٹ میں یہ بیان دیا ہے کہ جموں وکشمیر میں اسٹیٹ ہڈ مناسب وقت پر بحال کیا جائے گا اور اس بارے میں عوام کو کنفیوژن کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔موصوف نے ان باتوں کاا اظہار جمعرات کے روز سیموہ ترال میں ایک پارٹی پروگرام کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کو پارلیمنٹ نے بھاری اکثریت سے ختم کیا گیا ہے اور اس کو واپس پارلیمنٹ ہی دے سکتا ہے تاہم، جموں وکشمیر کو یوٹی سے واپس ریاست کا درجہ دینا ایک طے شدہ بات ہے جس بارے میں پہلے ہی ملک کے وزیر داخلہ امیت شاہ بیان دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 پر سپریم کورٹ میں بحث کے دوران جموں و کشمیر کے لیے ریاستی درجہ کی بحالی کا معاملہ آنے کے بعد یہاں کی سیاسی پارٹیوں نے اس معاملے پر سیاسی روٹیاں سینکنے کا عمل شروع کیا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔