نامعلوم عسکریت پسندوں نے بدھ کی شام میونسپل کمیٹی ترال کے چیئرمین راکیش کمار پنڈتا پر نزدیک سے گولیاں چلائیں، جس کے نتجہ میں وہ ہلاک ہو گئے۔ اس واقعے میں ایک مقامی خاتوں بھی زخمی ہوئی ہے۔
کشمیر کے آئی جی وجے کمار نے بتایا کہ 'گزشتہ شام کو تین نامعلوم عسکریت پسندوں نے ترال کے میونسپل کونسلر راکیش پنڈتا پر فائرنگ کی۔ وہ ترال بالا کے رہائشی تھے جو ترال پائین میں اپنے دوست سے ملنے گئے تھے۔ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ ان کے دوست کی بیٹی شدید طور پر زخمی ہوئی ہے۔'
کمار نے مزید کہا کہ 'وہ سری نگر میں محفوظ رہائش گاہ میں رہتے تھے اور انہیں دو پی ایس او مہیا کیے گئے تھے۔ وہ دورہ ترال کے دوران پی ایس او کے ہمراہ نہیں تھے۔'
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور پلوامہ کے ترال کے میونسپل کونسلر راکیش پنڈتا کی لاش کو آخری رسومات کے لیے جموں لے جایا گیا تھا جہاں آج صبح بن تالاب کریمیشن گراؤنڈ میں ان کی آخری رسومات اہلخانہ، مقامی لوگوں اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کی موجودگی میں ادا کی گئی۔