وادی کے دیگر اضلاع کی طرح پلوامہ میں بھی پچھلے تین دنوں سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جسکی وجہ سے ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے۔ وہیں، پانی کی بڑھتی سطح سے یہاں کے کسانوں میں کافی تشویش پھیل گئی ہے۔
پلوامہ میں بارش کا سلسلہ جاری، کسانوں میں تشویش وہیں، ان ندی نالوں کے کناروں پر باندھ نہ ہونے کی وجہ سے پانی کسانوں کے کھیتوں میں چلا جاتا ہے، جس کی وجہ سے فصل کو کافی نقصان پہنچتا ہے۔ ساتھ ہی پانی کے بہاؤ کی وجہ سے کسانوں کی زمین بھی کھسک جاتی ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو کافی مشکلاتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے کسانوں نے بات کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ان ندی نالوں کے کناروں پر باندھ بنائیں، تاکہ فصل کے ساتھ ساتھ زمین کو بچایا جا سکے۔ وہیں، محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کی 15 مارچ تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ گزشتہ روز فلڈ کنٹرول محکمہ کے افسران نے کہا تھا کہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ تاہم پانی کی سطح پر نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں سیلاب کا زیادہ خطرہ نہیں رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کا کسی بھی جگہ پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ کی ٹیمیں متحرک ہیں۔