ترال:بی جے پی ترجمان الطاف ٹھاکر نے آج خانقاہ ترال کا دورہ کیا اور وہاں عوامی وفود کے مسائل سنے۔ دورے کے دوران مقامی لوگوں نے گاوں میں مواصلاتی نظام کی عدم دستیابی،کھیل میدان اور دیگر لازمی سہولیات کے بارے میں موصوف کو آگاہ کیا۔ موصوف نے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور ان کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ راہل گاندھی کی جانب سے بھارت جوڑو یاترا میں ملیٹینٹوں کی موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا ہے کہ اگر اس یاترا میں عسکریت پسند موجود تھے تو پھر راہل نے انہیں جنوبی کشمیر سے سرینگر کیوں لایا۔ اس بات کی تحقیقات ہونی چاہیے کہ آخر کن کانگریس لیڈروں نے راہل کو عسکریت پسندوں کے ساتھ ملایا۔
الطاف ٹھاکر نے مزید بتایا کہ کانگریس ہمیشہ ملیٹینسی کی حمایتی رہی ہے اور اس حوالے سے ان کا پیار بار بار ظاہر ہوتا رہا ہے۔ الطاف ٹھاکر نے بتایا کہ بی جے پی اگلے اسمبلی انتخابات میں جموں وکشمیر میں پچاس سے زائد سیٹوں پر جیت درج کر کے حکومت بنائے گی،کیونکہ شمال مشرقی تین ریاستوں میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد پارٹی نے جموں وکشمیر پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے اور آنے والے انتخابات میں یہاں پارٹی تاریخ رقم کرے گی۔