ضلع پلوامہ میں شار شالی علاقے کے لوگوں نے بدھ کو محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ ’’محکمہ پی ڈی ڈی کی جانب سے غیر ضروری اور بلا جواز بجلی کی کٹوتی کے سبب عوام کو سخت سردیوں کے ایام میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
بجلی کی ’بلا جواز‘ کٹوتی اور کم وولٹیج سے پریشان عوام کا احتجاج انہوں نے کہا کہ انتہائی کم وولٹیج کے سبب محکمہ جل شکتی کو بھی علاقے میں پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں کیونکہ ’’واٹر پمپ کم وولٹیج پر کام نہیں کر پاتے۔‘‘
احتجاجی مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پی ڈی ڈی علاقے میں بجلی کی منساب سپلائی فراہم کرنے میں بالکل بھی سنجیدہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سردیوں کے ایام میں ایک تو شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جارہی، اور ’’بلا جواز اور غیر ضروری بجلی کٹوتی‘‘ کے علاوہ جب بجلی آتی بھی ہے تو انتہائی کم وولٹیج کے سبب لوگ لالٹین اور موم بتی وغیرہ کا استعمال کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی کٹوتی کے سبب علاقے میں پانی کی سپلائی بھی بُری طرح سے متاثر ہو چکی ہے اور علاقے کے لوگوں کو پینے کے لئے بھی پانی میسر نہیں ہے۔