ضلع پلوامہ کے قصبہ پانپور کے مین مارکیٹ میں معمولی بارشوں کے بعد سڑکیں زیر آب آگئیں۔ سڑکیں زیر آب آنے سے نہ صرف راہگیروں اور مقامی دکانداروں بلکہ ٹرانسپورٹرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
قصبہ پانپور میں ڈرینیج سسٹم ناکارہ، لوگوں کو دقتوں کا سامنا مقامی دکانداروں کا کہنا ہے کہ کدلہ بل، پانپور چوک میں بارشوں کا جمع پانی کئی دکانوں میں بھی داخل ہوگیا جس کے سبب دکاندار دکانوں سے مال باہر نکالنے پر مجبور ہو گئے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ علاقے میں ڈرینیج سسٹم ناکارہ ہونے کے سبب بارشوں کے دوران نہ صرف دکانداروں بلکہ ٹرانسپورٹروں اور راہگیروں کے لیے چلنا پھرنا محال بن جاتا ہے۔
دکانداروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’پانپور میں ڈرینیج اس قدر ناکارہ ہے کہ چند منٹوں کی بارش کے سبب سڑکیں زیر آب آگئیں، اگر چند گھنٹوں یا نصف دن تک بارش ہوئی تو اس سے بھیانک تباہی بپا ہوسکتی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: پلوامہ: کنگن - ڈاڈورہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ
انہوں نے مزید کہا کہ دہائیاں قبل علاقے میں تعمیر کی گئی ڈرین ناکارہ ہوچکی ہے جس کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے انہوں نے کئی بار انتظامیہ سے رجوع کیا تاہم ان کے مطابق عوام کو بنیادی سہولت پہنچانے میں انتظامیہ ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’ناقص ڈرینیج سسٹم کی وجہ سے مقامی باشندوں کو بار بار ایسی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔‘‘ مقامی باشندوں نے انتظامیہ سے ناقص ڈرینیج سسٹم کی مرمت کرنے کی اپیل کی تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کچھ حد تک کمی واقع ہوسکے۔