پلوامہ: نیشنل انٹرنس ایلجیبلٹی ٹیسٹ (NEET) کے نتائج کا اعلان گزشتہ شامل کیا گیا جس میں نئی بگ، ترال کے فرقان الواحد نامی ایک طالب علم نے چھ سو اسی نمبرات (680) لیکر نہ صرف اپنا بلکہ پورے ترال علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ ایک متوسط گھرانے میں تولد ہوئے فرقان کے گھر پر لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔ انکے گھر پر تو جیسے عید کا سماں ہے ، لوگ مبارکباد دینے کے لیے یہاں جوق در جوق آ رہے ہیں اور فرقان اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔Rendezvous with NEET Qualifier from Pulwama
نیٹ کوالیفائی کرنے والے فرقان الواحد کے ساتھ خاص ملاقات ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے نیٹ کوالیفائی کرنے والے فرقان الواحد نے بتایا کہ ’’نیٹ کوالیفائی کرنا ایک خواب کے مانند تھا جو کڑی محنت کے بعد شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔‘‘ فرقان کا مزید کہنا ہے کہ اللہ کے فضل وکرم، والدین اور اساتذہ کے سپورٹ اور اپنی محنت کی وجہ سے پہلی ہی کوشش میں نیٹ کا امتحان پاس کیا۔‘‘
متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے فرقان نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ میٹرک میں امتیازی نمبرات سے پاس ہونے کے بعد ہی انہوں نے نیٹ کی تیاری شروع کر دی تھی۔ فرقان کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی میں انتہائی قلیل اجرت پر کام کرنے کے باوجود انکے والد نے انکا ہمیشہ ساتھ دیا اور ہر طرح کی ضرورت پوری کرنے کی کوشش کی۔ NEET Qualifier Furqan from TRAL
فرقان کے مطابق ’’جو طلباء آج اس امتحان کو پاس نہ کر سکے انکو کوشش جاری رکھنی چاہئے، کیونکہ کوشش کرنے والوں کی کھبی ہار نہیں ہوتی۔‘‘ ادھر فرقان کے والد عبد الواحد وانی نے بتایا کہ انہیں خوشی ہے کہ انکے بیٹے نے انکی خواہشوں اور تمناؤں کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’میں نے انتہائی کم آمدن کے باوجود اپنے فرزند کو اعلیٰ معیار کی تعلیم دینے میں کئی کسر باقی نہ رکھی۔‘‘
فرقان کی والدہ، فاطمہ، نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ نیٹ میں انکے فرزند کی کامیابی نے انہیں ناقابل بیاں خوشی سے ہمکنار کیا ہے جسے وہ لفظوں میں بیاں نہیں کر سکتی۔