پلوامہ (جموں کشمیر)جموں و کشمیر پولیس نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹٰ (پی ڈی پی) کے کارکن کا تعاقب (پیچھا) کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے عوام سے اس طرح کی افواہوں پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پی ڈی پی، پلوامہ یونٹ کی قصبہیار شادی مرگ میں ایک پارٹی میٹنگ طے تھی تاہم اسے اس وجہ سے منسوخ کیا گیا کہ پارٹی کے ایک کارکن کا پولیس تعاقب کر رہی تھی۔
پلوامہ پولیس نے اس ضمن میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کچھ عناصر کی جانب سے ایک غلط افواہ پھیلائی گئی ہے کہ راجپورہ میں پولیس نے جمعرات کو قصبہیار شادی مرگ میں پی ڈی پی کے ایک کارکن کا پیچھا کیا ہے جس کے نتیجے میں گاؤں میں پی ڈی پی کی طے شدہ میٹنگ کو منسوخ کر دیا گیا۔ پولیس نے سماجی رابطہ گاہ پر اس طرح کی خبریں پھیلانے والے عناصر سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے عوام سے بھی اس طرح کی خبروں پر کان نہ دھرنے کا مشورہ دیا ہے۔