جموں کشمیر کے ضلع پلوامہ کے سنگرونی، آڑی تراگ، ستلو، اندروالی، کھیگام اور کئی دیگر دور دراز علاقوں میں حالیہ برفباری سے زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔
کئی علاقوں میں حالیہ برفباری سے زندگی متاثر سنگرونی میں ایک بزرگ شخص نزیر احمد بڈھانا جو برف سے ڈھکی ہوئی سڑک سے پیدل ڈاکٹر کے پاس پکھرپورہ کی طرف جارہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے علاقے میں ڈاکٹر مہیا نہ ہونے کی وجہ سے طویل سفر طے کر کے ڈاکٹر کے پاس جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سونہ بنجر کے ایک مقامی باشندے، فاروق ڈھوئی کا کہنا ہے پانی، بجلی کے مسلے سے وہ پہلے ہی جھونج رہے ہیں اور اب سڑکوں سے برف نہ ہٹائے جانے سے بہت ساری مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
جہاں کئی علاقوں سے لوگوں نے انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کیا ہے وہیں ضلع کے باغندر گاؤں کے مقامی باشندوں نے بھی پی ڈی ڈی اور جل شکتی محکموں کی جانب سے بجلی اور پانی کی بحالی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ محکمہ آر اینڈ بی سے گزارش کرتے ہیں کہ ان کے علاقے میں سڑکوں پر سے برف ہٹائی جائے۔
یہ بھی پڑھیے
کشمیر میں 95 فیصد بجلی سپلائی بحال: ڈویژنل کمشنر کشمیر
کھیگام گاؤں میں عبد القیوم جو کہ پانی لانے کی غرض سے گھر سے ایک کلومیٹر دور نالے میں پانی کی غرض سے اپنی باری کا انتظار کر رہے تھے کا کہنا ہے کہ برف باری کی وجہ سے انہیں بہت مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ جلد از جلد ساری مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔