پلوامہ:ضلع پلوامہ کے پانپور علاقے میں ایک پولیس کانسٹبل کی موت اس وقت ہو گئی جب اس کی آلٹو کار، جس میں وہ سفر کر رہا تھا، پانپور میں ایک ڈیوائیڈر کے ساتھ ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ خون میں لت پر پولیس اہلکار کو نزدیک اسپتال پہنچایا گیا جہاں معالجین کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔‘‘ہلاک ہوئے کانسٹیبل کی شناخت بشیر احمد کچھے ولد غلام محی الدین ساکنہ نیگو، بریواڑہ، بڈگام کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، ایک آلٹو کار زیر رجسٹریشن نمبر JK04H-0495 ،جسے بشیر احمد کُچھے چلا رہا تھا، قدیم سرینگر - جموں شاہراہ پر گالندر، پانپور کے قریب تیز رفتاری کے باعث ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ڈیوائیڈر کے ساتھ ٹکرانے کے سبب گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا اور ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ جسے فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ اسپتال پانپور منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔