پلوامہ:ملک بھر میں آج من کی بات کا 100ویں قسط کے سلسلہ میں بی جے پی کی جانب سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس ضمن میں آج ضلع پلوامہ میں بھی الگ الگ جگہوں پر تقریبات منعقد کی گئیں جس میں بی جے پی لیڈران نے شرکت کی۔ ضلع پلوامہ لاجورہ علاقے میں بھی اس طرح کی ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں بی جے پی کی ڈی ڈی سی ممبر منہا لطیف اور ضلع صدر لطیف احمد کے علاوہ پارٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کرتے ہوئے عوام کے ساتھ من کی بات سنی۔
وہیں اس من کی بات میں ملک کے وزیراعظم نے ضلع پلوامہ کے اکھو کاکاپورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے منظور احمد کی بات کی، جو اکھو کاکاپورہ میں ایک پینسل سلیٹ بنانے کا کام انجام دے رہے ہیں۔ ضلع پلوامہ کے اکھو گاؤں جس کو ملک کے وزیراعظم نریندر مودی نے پینسل ولیج کا خطاب بھی دیا ہے۔ اس گاؤں میں کئی ایسے صنعتی مراکز موجود ہیں جہاں پر ہزاروں کی تعداد میں تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کما رہے ہیں۔ تاہم ان صنعتی مراکز کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے جن سے وادی کے زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ نوجوان روزگار حاصل کرسکیں۔
ضلع اکھو گاؤں یا پھر پنیسل ولیج پورے ملک کا واحد گاؤں ہے جہاں سے دنیا بھر میں استعمال ہونے والے پینسل کا خام مال تیار کیا جاتا ہے، جس پر پھر مزید کام کرکے پینسل تیار کیا جاتا ہے۔ یہاں کے پینسل کو ملک اور دنیا کے کئی ممالک میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسے کارخانوں سے مقامی و غیر مقامی نوجوان خواتین اور مرد روزگار کمانے کے اہل بن رہے ہیں جو ملک کے علاوہ جموں کشمیر خاص کر ضلع پلوامہ کے لئے باعث مسرت بات ہے۔