ترال:مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمری کے ضلع پلوامہ کے سب ڈسٹرکٹ ترال کے چندریگام میں سڑک کی خستہ حالی سے لوگ پریشان ہیں،مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ ویسے تو ہمیشہ اس سڑک کی حالت ناگفتہ بہ رہتی ہے تاہم بارش کے موسم میں اس کی حالت مزید خراب رہتی ہے،اسکولی طلباء و طالبات کے آمد و رفت کے علاوہ عام لوگوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مقامی باشندوں نے گاوں میں رابطہ سڑک کی خستہ حالی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے سڑک کو میکڈمایز کرنے کی گزارش کی ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ مین روڈ سے شمشان گھاٹ کو جانے والی یہ سڑک انتہائی خستہ حال ہے، جبکہ بارش کے ایام میں یہ سڑک جھیل کا نظارہ پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی سڑک کے ذریعہ اسکولی طلبا و طالبات آتے اور جاتے ہیں،تاہم بارش کے موسم میں سڑک کی حالت اتنی خستہ حال رہتی ہے کہ طلباءوطالبات کا اسکول آنا اور جانا تقریباً بند ہوجاتا ہے۔