پلوامہ (جموں و کشمیر) :ریاست بہار کی راجدھانی پٹنہ میں گزشتہ دنوں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ملکی سیاست پر میٹنگ کو ’’ملکی مفاد کے لیے بہتر‘‘ قرار دیتے پی ڈی پی ترجمان نے کہا ہے کہ ’’ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے جہاں بابائے قوم مہاتماگاندھی کے نظریے کو ہی پروان چڑھایا جا سکتا ہے۔‘‘ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران پی ڈی پی کے ترجمان، ڈاکٹر ہربخش سنگھ، نے بتایا کہ ‘‘اس وقت ملک میں نفرت کی جو سیاست کی جا رہی ہے اور جس طرح منی پور اور دوسرے مقامات پر دنگے کیے جا رہے ہیں ان حالات میں ملک کو بچانے اور ملکی وراثت کو بچانے کے لیے اپوزیشن لیڈران کا یک جُٹ ہونا بہت ہی ضروری ہے کیونکہ ہمارا ملک ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں تانا شاہی نہیں چل سکتی۔‘‘
ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے کہا کہ ’’پٹنہ میں اپوزیشن لیڈران کی جانب سے میٹنگ منعقد کرنا اس بات کی دلالت کرتا ہے کہ صرف کشمیر ہی نہیں بلکہ ملکی سطح پر بھی لوگ بھاجپا اور انکی معاون جماعتوں کی نفرت آمیز سیاست سے تنگ آگئے ہیں اور لوگوں کو سیکولر جماعتوں سے امیدیں قائم ہیں۔‘‘ ڈاکٹر ہربخش سنگھ نے مزید بتایا کہ بھارت ایک جمہوری ملک ہے اور یہ ملک اپنی اقدار اور ورثے کے لیے پوری دنیا میں جانا جاتا ہے اور اسی لیے ’’اس ملک میں گاندھی جی کی سیاست چل سکتی ہے یہاں گوڈسے کا نظریہ آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔‘‘