پلوامہ (جموں و کشمیر) :پی ڈی پی کے 24ویں یوم تاسیس کے موقع پر جموں و کشمیر کے مختلف مقامات کی طرح جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پلوامہ ضلع کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ تقریب میں پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری محبوب بیگ، سابق وزیر ظہور احمد میر، یوتھ لیڈر وحید الرحمن پرہ سمیت پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران و کارکنان کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکریٹری محبوب بیگ نے کہا کہ ’’پی ڈی پی نے ایک متبادل فراہم کر کے ریاست میں دہائیوں سے جاری ایک ہی پارٹی کی اجارہ داری کو ختم کیا ہے جو حقیقی جمہوریت کا نچوڑ ہے۔ انہوں نے کہا: ’’مرحوم مفتی محمد سعید نے لوگوں کو پی ڈی پی کی شکل میں ایک متبادل فراہم کیا جس نے یہاں ایک نئے سیاسی ماحول کا آغاز کیا ہے۔‘‘ بیگ کے مطابق پی ڈی پی نے گزشتہ 24 برسوں کے دوران اپنے اصلی موقف سے انحراف نہیں کیا ہے۔ چاہے انہوں نے کانگریس یا پھر بی جے پی کے ساتھ ہی اتحاد کیوں نہ کیا۔ ’’پارٹی کا موقف ایک ہی رہا اور پی ڈی پی نے کسی بھی حالت میں اپنے عزم اور پالیسیوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔‘‘