سری نگر: وادی کشمیر میں زعفران کی کاشتکاری کے لیے مشہور قصبہ پانپور سے تعلق رکھنے والے عبدالمجید وانی نامی کاشتکار نے ایک ایسا کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے وہ لوگ بھی زعفران کی کاشتکاری کر سکتے ہیں جن کے پاس انتہائی کم اراضی ہے ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ کمرے میں زعفران کی کاشتکاری نہ صرف یہ کہ آنے والے وقت میں اس شعبے میں انقلاب برپا کرسکتی ہے بلکہ اس کی پیداوار بھی کافی معیاری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی رہنمائی اور مدد سے میں یہ تجربہ کرنے میں کامیاب ہوا۔ عبدالمجید وانی جو زعفران ایسوسی ایشن کشمیر کے چیئرمین بھی ہیں، نے یو این آئی کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ میں گزشتہ تین برسوں سے اپنے یک منزلہ مکان کے ایک کمرے میں زعفران کی انڈور فارمنگ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا: 'میں نے اپنے مکان کے کمرے میں چند سو ٹرائے رکھ کر ان میں زعفران کے قریب پانچ کوئنٹل گانٹھ بوئے تھے اور امسال پیداوار قریب چھ سو گرام ہوئی۔'
ان کا کہنا تھا کہ معیار کے اعتبار سے بھی یہ زعفران باہر اراضی میں تیار کیے جانے والے زعفران سے بہتر ہے اور جس کے پاس اراضی نہیں ہے وہ بھی اس طریقے سے زعفران کاشتکاری کا اپنا شوق پورا کر سکتا ہے۔ موصوف کاشتکار نے کہا کہ زعفران کے لیے صرف پانپور کی مٹی مخصوص نہیں ہے بلکہ یہاں کہیں بھی زعفران فصل کی کاشت کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مکان کے اندر زعفران کی کاشتکاری محفوظ بھی ہے کیونکہ اس پر موسمی صورتحال اثر انداز نہیں ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرچہ یہ طریقہ کاشتکاری ابھی بھی تجربے کے مرحلوں سے ہی گذر رہا ہے تاہم اس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج بر آمد ہو رہے ہیں۔ وانی کا کہنا ہے کہ پہلے میں نے کمرے میں زعفران کاشت کرنا نہ صرف آسان ہے بلکہ اس کی پیدا وار میں بھی ہر گذرتے برس کے ساتھ کافی اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلا کاشتکار ہوں جس سے نہ نیا تجربہ کیا تاہم بعد میں مزید کاشتکاروں نے یہ تجربہ اختیار کیا اور آج درجنوں کاشتکار ایسا کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قصبہ پانپور میں قریب تیس ہزار کنبے زعفران فصل کی کاشت کاری سے جڑے ہوئے ہیں اور اس قصبے کا زعفران دنیا بھر میں اپنی بہترین کوالٹی اور ذائقے کے لیے مشہور ہے۔ عبدالمجید نے کہا کہ اس علاقے کی مٹی زعفران فصل کے لیے انتہائی زرخیز ہے اور اب آہستہ آہستہ مزید علاقے اس کے مالی فوائد کو ملحوظ رکھ کر اس فصل کی کاشتکاری کو اختیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی کئی علاقے کے کاشتکاروں کو کمرے میں زعفران کی کاشتکاری کرنے کے لیے 'ٹرائے' فراہم کیے ہیں۔ موصوف کاشتکار نے کہا کہ یہ فصل ڈھائی سے تین ماہ کے اندر تیار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا سے کشمیر کے زعفران کی مانگ میں کافی اضافہ دیکھا جا رہا ہے چونکہ اب کشمیر کے زعفران کا ایک مخصوص جغرافیائی نشانی (جی آئی) ٹیگ لگا ہے۔ ماہرین کے مطابق روایتی کاشتکاری ایک ہیکٹر اراضی میں لگ بھگ ڈیڑھ سے 2 کلو زعفران پیدا ہوسکتی ہے جبکہ انڈور فارمنگ ایک ہیکٹر اراضی میں 8 سے 10 کلو زعفران پیدا کر سکتی ہے جو کہ تقریبا چار گنا زیادہ ہے۔ ایگریکلچر عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ہم وادی میں زعفران کی پیدا وار بڑھانے کے لیے مختلف آپشنز آزما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے تجربات کامیاب ثابت ہو رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں کاشتکار اس سے جڑ رہے ہیں۔
Indoor saffron Cultivation In Pampore پانپور کے زعفران کاشتکار انڈور فارمنگ کا کامیاب تجربہ کر رہے ہیں - زعفران کی کاشتکاری
کشمیر کے پانپورعلاقے میں زعفران کی کاشتکاری کی جاتی ہے۔ اس سلسلے میں زعفران کاشتکارعبدالمجید وانی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے گھر میں زعفران کی کاشتکاری کی۔ ان کا ماننا ہے کہ جن کے پاس کم اراضی ہیں، وہ اپنے کمروں میں بھی زعفران کی کاشتکاری کر سکتے ہیں۔
Etv Bharat