جنوبی کشمیر میں ضلع پلوامہ کے مون پورہ، پانپور علاقے میں تحصیل انتظامیہ، پولیس اور محکمہ امور صارفین کی ایک مشترکہ ٹیم نے تحصیلدار پانپور اور ایس ڈی پی او پانپور کی سربراہی میں غیرقانونی طور ذخیرہ کیے گئے پچاس ہزار لیٹر تیل خاکی ضبط کرکے ڈیپو کو سر بمہر کر دیا۔
اس موقعے پر تحصیلدار پانپور اشتیاق محی الدین کا کہنا تھا کہ انہیں پچھلے کئی مہینوں سے مقامی باشندوں کی جانب سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ انہیں تیل خاکی نہیں دیا جا رہا ہے۔ اسی بنیاد پر انہوں نے پچھلے کئی دنوں سے ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں تیل خاکی ڈیپوز پر چھاپے مارے اور غیرقانونی طور ذخیرہ کیے گئے لاکھوں لیٹر تیل خاکی کو ضبط کر لیا، اس ضمن میں اب تک تقریباً چھ ڈیپوز سربمہر کیے گئے ہیں۔