جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لالپورہ پانپور میں جمعرات کی شام شروع ہونے والے مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو عسکریت پسند اور ایک عام شہری کی ہلاکت ہوئی ہے۔
پلوامہ میں تصادم، دو عسکریت پسند اور ایک عام شہری ہلاک تصادم کے دوران ایک مقامی عسکریت پسند نے سیکورٹی فورسز کے سامنے خود سپردگی کردی۔ تصادم کے مقام سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تصادم کی جگہ پر جمعرات کی شام زخمی ہونے والے دو عام شہریوں میں سے ایک زخمی سرینگر کے شری مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔
ہلاک شدہ عام شہری کی شناخت عابد نبی کے بطور ہوئی ہے۔ وہیں زخمی ہونے والے کفایت احمد سرینگر کے برزلہ علاقے میں قائم ہڈیوں و جوڑوں کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس، فوج کی 50 راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے جب جمعرات کی شام لالپورہ پانپور میں ایک مشتبہ جگہ کو محاصرے میں لیا تو وہاں موجود عسکریت پسندوں نے ان کو نشانہ بنا کر فائرنگ شروع کردی اور گرینیڈ داغے۔ ذرائع نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کی ابتدائی فائرنگ کے بعد طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے جبکہ ایک مقامی عسکریت پسند نے خود سپردگی اختیار کی۔