ترال ( پلوامہ):ایک ایسے وقت میں جبکہ مودی حکومت پارلیمنٹ میں 'ون نیشن ون الیکشن' کو لیکر دیگر پارٹیوں کو اعتماد میں لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ وادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے ممبر پارلیمنٹ اور نیشنل کانفرنس کے سینیئر لیڈر جسٹس ( ریٹائرڈ) حسنین مسعودی نے اس حوالے سے بتایا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے جہاں مختلف خطوں میں مختلف کلچر، موسم اور سیاسی مزاج ہے اور ایک ہی وقت الیکشن کرانا ممکن نہیں ہے۔ مسعودی آج جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں کشمیری پنڈتوں کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے بعد ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کی طرف پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔
حسنین مسعودی نے بتایا کہ ہمارے ملک میں کثیر تعداد میں آبادی ہے اور مختلف ریاستوں میں جغرافیائی اور آب وہوا کے ساتھ ساتھ مختلف زمینی حالات ہیں۔ ان حالات میں 'ون نیشن ون الیکشن' کا خیال میرے ذاتی خیال میں عملانا بڑا دشوار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ممکن ہے کہ برسراقتدار جماعت کو اس میں کچھ سیاسی اغراض ہوں گے کیونکہ وہ ایک ہی چہرے کے نام پر تمام الیکشن جیتنے کی کوششوں میں ہے اور اسی لیے ایسے نئے نظام کو رایج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔