پلوامہ (جموں و کشمیر):اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (آئی یو ایس ٹی) اونتی پورہ میں ’’ذہنی دباؤ، دماغی صحت اور روزہ داری‘‘ کے موضوع پر یک روزہ سمینار منعقد ہوا۔ سمینار میں ذہنی امراض کے ماہرین کے ساتھ ساتھ علماء کرام بشمول مولوی شوکت حسین کینگ، مفتی ضیا الحق ناظمی، پروفیسر طیب کاملی، ڈاکٹر نثار احمد ترالی،پروفیسر مشتاق مرغوب اور یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر نصیر اقبال بھی موجود رہے۔
اس موقعے پر علمائے کرام نے روزوں کے جسمانی اور ذہنی فوائد بیان کیے اور ذہنی صحت پر روزوں سے مرتب ہونے والے اثرات پر بھی روشنی ڈالی۔ علماء کرام نے کہا کہ ’’اگرچہ مسلمان کسی دنیوی فائدے کے لیے روزے نہیں رکھتے تاہم جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ رمضان کے دوران روزوں کے سینکڑوں جسمانی اور ذہنی فوائد بھی ہیں اور ڈاکٹروں کے مشورے سے روزے رکھنے سے شوگر، پریشر، کولیسٹرول کنٹرول کرنے، وزن گھٹانے، کینسر کے بچاؤ اور دماغی امراض پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے جبکہ ڈپریشن، گھبراہٹ اور سگریٹ نوشی سمیت دیگر کئی منشیات سے نجات حاصل کرنے میں بھی روزہ مددگار ثابت ہوتا ہے۔‘‘