مسلسل لاک ڈاؤن کی وجہ سے محکمہ تعلیم کی طرف سے آن لائن کلاسز لینے کا حکمنامہ اگرچہ طلباء کے لیے نیک شگون تصور کیا جا رہا تھا تاہم انٹرنیٹ کی 2 جی رفتار سے نہ ہی حکومتی سطح پر مطلوبہ اہداف حاصل ہو رہے ہیں اور نا ہی طلباء کو ان آن لائن کلاسز سے زیادہ فائدہ مل رہا ہے۔
چیف ایجوکیشن آفیسر پلوامہ نے گزشتہ روز ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے ان سرکاری اساتذہ کے خلاف کارروائی کی بات کی تھی جو آن لائن کلاسز کے حوالے سے غفلت شعاری کے مرتکب پائیں جائیں گے۔ تاہم سب ڈسٹرکٹ ترال اور اونتی پورہ میں ڈھائی سو سے زائد سرکاری اسکولوں میں آن لائن کلاسز کے حوالے سے غیر تسلی بخش اطلاعات مل رہی ہیں۔
ترال کے بالائی علاقوں جن میں حاجن، گترو، بنگہ ڈار، نارستان، کارمولہ، دودھ مرگ اور دیگر علاقہ جات شامل ہیں کی اکثر آبادی گجر آبادی پر مشتمل ہے جن کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہے اور وہ سرکاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے علم کے نور سے محروم ہو رہے ہیں۔ اگرچہ زون ترال، زون لرگام اور زون اونتی پورہ میں اساتذہ نے درجنوں واٹس ایپ گروپ بنائے ہیں اور زوم ایپ کے ذریعے بھی آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری ہے تاہم گجر آبادی کے طلباء اس سے محروم ہو رہے ہیں۔