پلوامہ (جموں کشمیر) : ’’جموں وکشمیر میں روایتی سیاسی پارٹیوں نے آج تک عوام کا صرف استحصال ہی کیا ہے، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بدلتے تقا ضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے نوجوان نسل کو موقع فراہم کیا جائے۔‘‘ ان خیالات کا اظہار ڈی ڈی سی ممبر، آری پل، منظور گنائی - جو کہ اس وقت جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے ساتھ وابستہ ہیں - نے ترال میں ایک سرکاری پراگرام کے حاشیہ پر ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت میں کیا۔
گنائی نے ان خبروں کی تردید کی کہ وہ اپنی پارٹی ترک کر رہے ہیں، تاہم انہوں نےبتایا کہ ’’روایتی سیاست اب ختم ہو رہی ہے اور اب عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہکایا نہیں جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے کئی لیڈران کی جانب سے پی ڈی پی میں گھر واپسی کی خبروں پر رائے زنی کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور سیاست میں ایسی چیزیں ناممکن نہیں ہے، معمول کی بات ہے۔‘‘