پلوامہ (جموں و کشمیر): سب ضلع ترال کے آڈہ بل، نودل علاقے کے باشندوں نے بستی میں رابطہ سڑک کی عدم دستیابی کے خلاف خاموش احتجاج کیا اور اپنی بات انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔ احتجاج میں شامل لوگوں نے بتایا کہ انکا علاقہ جدید دور میں بھی سڑک رابطے سے محروم ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں سخت مشکلات درپیش ہیں۔
آڈہ بل، نودل کے باشندوں کے مطابق سڑک تعمیر کرنے کے حوالے سے انہوں نے دیہی ترقی اور دیگر محکموں کو کئی بار آگاہ کیا، عرضیاں پیش کیں لیکن، ان کے مطابق ’’سوائے یقین دہانی کے کچھ حاصل نہیں ہوا‘‘۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بستی سڑک رابطے سے بالکل محروم ہے اور یہاں رہائش پزیر آبادی کو آج بھی بیرونی دنیا سے رابطے میں مشکلات درپیش ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ یہاں اس علاقے میں قریب تین دہائیوں سے رہائش پزیر ہیں لیکن مسلسل عرضداشتوں کے باوجود سڑک رابطہ میسر نہیں ہوا۔ ایک مقامی شہری، محمد ایوب، نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ انکی والدہ حال ہی میں فوت ہوئی تو میت کو گھر سے قبرستان تک کندھوں تک اٹھانا پڑا، تابوت اٹھانے تک کے لیے بھی علاقے میں سڑک، راستہ تعمیر نہیں۔