پلوامہ (جموں و کشمیر) :وادی کشمیر میں ایک جانب حکومت کی جانب سے سڑکوں کا جال بچھایا جارہا، سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ کشادگی کا عمل میں جاری ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ تاہم سڑکوں کی تعمیر سے جہاں عوام میں خوشی کی لہر تو دوڑ گئی ہے وہیں پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کے حوالہ سے لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترچھ علاقے کو اگرچہ سڑک رابطہ سے قصبہ پلوامہ اور رتنی پورہ علاقے سے جوڑا گیا ہے تاہم ٹرانسپورٹ کی سہولیات دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے آج بھی لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی باشندوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ترچھ علاقہ ضلع صدر مقام، پلوامہ، سے محض پانچ کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے اور سرکار نے علاقے میں سڑک تو تعمیر کی ہے تاہم ٹرانسپورٹ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا ’’پبلک ٹرانسپورٹ، بس سے سفر کے لئے ہمیں ترچھ گاؤں سے تین کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے، جس سے رہائشیوں خاص کر طلبہ، مریضوں، مختلف دفاتر میں کام کر رہے ملازمین کو روزانہ کی بنیاد پر مشکلات، اذیتوں سے گزرنا پڑتا ہے۔‘‘