ترال ( پلوامہ):سرما کی آمد سے قبل ہی جہاں وادی کشمیر میں بجلی کی ابتر صورتحال نے عام لوگوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ وہیں جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں کئی دیہات میں ان دنوں پینے کے پانی کی قلت سوہان روح بنی ہوئی ہے۔
سیموہ گجر بستی میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے مقامی لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔ لوگوں کے مطابق یہاں عرصہ دراز سے سولر انرجی سے پینے کا پانی فراہم کیا جاتا ہے، لیکن موٹر پچھلے کئی ماہ سے خراب ہے جس کی وجہ سے وہ پانی سے محروم ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے اگرچہ کئی مرتبہ ٹینکر سے پانی فراہم کیا گیا، لیکن اب ٹینکر سروس بھی بند کر دی گئی ہے اور خواتین کو کئی کلومیٹر سے پانی لانا پڑ رہا ہے جو کہ کسی مصیبتوں سے کم نہیں ہے۔