پلوامہ (جموں و کشمیر):ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈاکٹر بشارت قیوم نے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں کام کرنے والے مختلف دفاتر کا معائنہ کیا۔ ڈی سی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلوامہ کے دفتر، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو آفس، ایجوکیشن، محکمہ بجلی، چیف پلاننگ آفیسر کے دفاتر سمیت کئی دیگر دفاتر کا معائنہ کیا اور کام کاج کا جائزہ لیا۔ بشارت قیوم نے دفاتر کے دورہ کے دوران محکمہ کے سربراہان کو ہدایت دی کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے ہمیشہ موجود رہیں اور لوگوں کو مسائل اور شکایات کو بلا تاخیر حل کریں۔
انہوں نے افسران اور اہلکاروں کے لیے دستیاب سہولیات، انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ ترقیاتی کمشنر نے افسران اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ ورک کلچر اور وقت کی پابندی کو برقرار رکھیں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے دفتر احاطے کے اندر اور اطراف میں صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات پر بھی زور دیا۔ ڈی سی نے یقین دہانی کرائی کہ فوری عوامی خدمات کے لیے کسی بھی ضرورت کی صورت میں انتظامیہ دفاتر کی مکمل مدد کرے گی۔ معائنہ کے دوران ترقیاتی کمشنر کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر ریونیو، پلوامہ اور کئی دیگر سینئر افسران و اہلکار بھی موجود تھے۔