پلوامہ، پونچھ (جموں کشمیر) :وادی کشمیر سمیت خطہ چناب اور پیر پنچال میں بھی قومی یوم اساتذہ کے موقع پر تقاریب، سیمنارز کا اہتمام کیا گیا۔ سرکاری و نجی اسکولوں میں رنگا رنگ تقاریب منعقد ہوئیں جن میں شرکاء نے اس دن کی نسبت سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے معاشرے کی تعمیر میں اساتذہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ کئی مقامات پر اساتذہ کو تحفے تحائف سے بھی نوازا گیا۔
ترال میں یوم اساتذہ کی نسبت سے تقریب
دیگر علاقوں کی طرح جنوبی کشمیر کے سب ضلع ترال میں بھی یوم اساتذہ کی نسبت سے سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس دوران ایک معاشرے کی تکمیل میں اساتذہ کے رول پر روشنی ڈالی گئی اور اس سلسلے میں بائز ہائی اسکول ترال کے ساتھ ساتھ ہمدرد گرایمر اسکول ترال اور دیگر اسکولوں میں بھی تقریبات کا اہتمام ہوا۔ اکمل ہائی اسکول ترال میں بھی یوم اساتذہ منایا گیا، جس دوران ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہربخش سنگھ مہمان خصوصی کے طور پر شامل رہے، جبکہ محکمہ تعلیم کے سابق پرنسپل اشپال سنگھ بطور مہمان زی وقار موجود تھے۔
اس موقع پر مقررین نے اساتذہ کے کردار کی سراہنا کی اور کہا کہ ’’سماج کی ترقی میں اساتذہ کا رول اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔‘‘ پروگرام میں اسکولی بچوں نے بھی دن کے حوالے سے اپنے مقالات پیش کئے۔ بعد میں منتظمین اور مہمانوں کی جانب سے اساتذہ کی عزت افزائی بھی کی گئی۔ میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر ڈاکٹر ہر بخش سنگھ نے بتایا کہ یوم اساتذہ کے موقع پر تقریبات منعقد کرنا دراصل اس جزبے کو فروغ دینا ہے تاکہ معاشرے کے ہرفرد کو پتہ چلے کہ سماج میں استاد کا کیا رول ہوتا ہے۔