جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان محمد اشرف صوفی نے نابینا ہونے کے باوجود جموں میں منعقدہ پہلی آئی ایم ایف نیشنل سپورٹس کلائمبنگ کمپٹیشن میں حصہ لیکر دوسری پوزیشن حاصل کی۔
محمد اشرف نے نجی زندگی، کھیل کود سے دلچسپی سمیت متعدد معاملات پر ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کی۔
ضلع پلوامہ کے ترچھ گاؤں سے تعلق رکھنے والے محمد اشرف صوفی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ بینائی سے محروم ہونے کے سبب انہیں مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق اسکول جانے میں دقتوں کے پیش نظر وہ آٹھویں جماعت سے زیادہ پڑھائی نہیں کر پائے۔
محمد اشرف نے کہا کہ انہیں کھیل کود میں کافی دلچسپی تھی، تاہم نابینا ہونے کی وجہ سے وہ کسی بھی کھیل کود کی سرگرمی کا حصہ نہیں بن پاتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں دیواریں پھاندنا، اونچے درختوں پر چڑھنے کا شوق بچپن سے ہی تھا اور کوچ کی مدد سے انہوں نے وال کلائمپنگ کی پریکٹس شروع کی۔
اشرف نے جموں میں منعقدہ پہلی آئی ایم ایف نیشنل سپورٹس کلائمبنگ مقابلے میں حصہ لیا جہاں انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اشرف کے مطابق ’’یہ پہلا ایسا موقع تھا جب میں نے کسی کھیل مقابلے میں حصہ لیا۔‘‘