پلوامہ (جموں کشمیر) :ضلع انتظامیہ پلوامہ نے ’’میری مٹی میرا دیش‘‘ مہم کے تحت بلاک سطح پر پروگرامز منعقد کیے جن میں انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اس مہم کے تحت قصبہ پلوامہ میں منعقدہ تقریب کے دوران اے سی ڈی، ڈاکٹر سید فرحت اور بی ڈی او پلوامہ، سی آر پی ایف 182 بٹالین کے اہلکاروں نے شرکت کرکے ’’میری مٹی میرا دیش‘‘ مہم کے حوالہ سے شرکاء کو آگاہ کی۔ اس موقع پر مختلف تمدنی پروگرامز بھی منعقد کیے جن میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے داد تحسین وصول کی۔
تقریب کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے اے سی ڈی پلوامہ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد صرف دیہی علاقوں سے مٹی کو جمع کرکے اس کے نمونے دارالحکومت دہلی روانہ کرنا ایک ظاہری عمل ہے۔ دراصل مہم کا مقصد اس مٹی کے اصل ہیروز اور وطن کے لیے جانیں نچھاور کرنے کے والے بہادروں کی قربانیوں کو یاد کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد حب الوطنی کے جذبے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔