پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے آج یوتھ پرزڈنٹ وحید الرحمان پرا کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔
محبوبہ مفتی کی وحید الرحمن کے اہل خانہ سے ملاقات پی ڈی پی کی صدر اور سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے تہاب کے نائیرا علاقے میں گرفتار شدہ وحید الرحمان پرا کے گھر کا دورہ کیا۔
ان کے ہمراہ التجا مفتی بھی تھیں۔ وہیں اس موقع پر ان سے ملنے کے لئے کئی لوگ بھی آئے ۔ 27 نومبر کو اگرچہ محبوبہ مفتی نے وحید الرحمان کے گھر جانے کی کوشش کی تھی تاہم محبوبہ کو سکیورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پلوامہ جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
وحید پرا نے پلوامہ 1 سے ڈی ڈی سی انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی بھی جمع کروائے ہیں جس پر چھٹے مرحلہ کے تحت 7 دسمبر کو انتخابات ہونے ہیں۔
32 سالہ وحید الرحمانکو 25 نومبر کو حزب المجاہدین سے تعلق رکھنے کے الزام میں قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے گرفتار کیا تھا اور بعد میں انہیں ایجنسی کی 15 دن کی تحویل میں بھیجا گیا تھا جو ابھی ختم ہونا باقی ہے۔ معطل ڈی ایس پی دویندر سنگھ کے معاملے کی تحقیقات کے دوران پیر کو ان کا نام منظر عام پر آیا تھا۔
دورے کے دوران محبوبہ مفتی نے میڈیا سے گفتگو نہیں کی۔